ایران ایک مثالی علاقائی طاقت میں تبدیل ہوگیا
سپاہ پاسدران کے ڈپٹی کمانڈرانچیف نے کہا ہے کہ ایران دنیا کی بڑی طاقتوں سے ٹکر لے رہا ہے اور اس کی یہ حیثیت، اسلامی انقلاب کے بعد کے برسوں میں قیادت کی طاقت اور عوام کی استقامت کا نتیجہ ہے
سحرنیوز/ایران: پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف، جنرل مصطفی ایزدی نے، منگل کوخراسان شمالی میں، شہید ایران، امام سید علی خامنہ ای کے چالیسویں کے ایک پروگرام سے خطاب میں کہا کہ اسلامی انقلاب دشمنوں کی آنکھ میں کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ انقلاب، دینی اصولوں پر استوار ہے اور اس نے عالم بشریت کو حق پرست انسانوں کی فطرت کے راستے پرآگے بڑھنے کا پیغام دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دشمنوں کے لئے یہ بات قابل برداشت نہیں ہے کہ نور انقلاب اسلامی اور عالم بشریت کے لئے اس کے افکارپھیلیں اسی لئے گزشتہ برسوں کے دوران انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں انواع و اقسام کی سازشوں اور حربوں سے کام لیا۔
سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا کہ دشمن نے ایران کو تقسیم کرنے، اس کے تیل پر قبضہ کرنے اور ایرانی تمدن، اس کی مسلح افواج، اسلامی استقامت، ایٹمی صنعت اور اس کی ملی طاقت وتوانائی ختم کردینے کی کوشش کی۔
جنرل ایزدی نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ایران کے ایٹمی مسئلے کی بات صرف ایک بہانہ ہے، وہ درحقیقت ایرانی عوام کے دین اور علم ودانش کا مخالف ہے۔ سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا کہ آج ایران طاقتور ہے اور ہم اسلامی انقلاب کا نیا تمدن آگے بڑھا رہے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں ایک مثالی اور الہام بخش طاقت میں تبدیل ہوگیا ہے۔ انھوں نے مغربی ملکوں میں بھی رائے عامہ کا نظریہ تبدیل ہوجانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حتی امریکی عوام میں بھی یہ تبدیلی آچکی ہے اور 80 فیصد امریکی نوجوان جنگ کے مخالف ہیں۔جنرل مصطفی ایزدی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے طاقتور اور توانا ہونے کی برکات بہت زیادہ ہیں اورآج حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ دشمن کو تشویش لاحق ہوگئی ہے۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی اس کامیابی کا بنیادی عامل عوام کو قرار دیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel