کورونا ویکسین کی فراہمی میں امریکہ رکاوٹ ہے: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کےلئے ہر لمحے کوشش کر رہے ہیں ۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کو تہران میں اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ، کورونا کی ویکسین خریدنے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور ایران مخالف میڈیا بھی ہر روز کسی نہ کسی نئے بہانے سے پروپیگنڈہ کرتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے زور دے کر کہا کہ جہاں بھی قابل بھروسہ ویکسین ہوگا حکومت اسے خریدنے کے لئے اقدام کرے گی۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ بعض یورپی ممالک بالخصوص برطانیہ میں زیادہ قوی کورونا وائرس دیکھا گیا ہے اور یورپ سے ایران میں داخل ہونے والے مسافروں کو زیادہ حفاظت کی ضرورت ہے تاکہ یہ جدید وائرس عوام کو اپنا شکار نہ بنائے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے میڈیکل پروٹوکول کا خیال رکھنے پر ایرانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہتر صورت حال کے لئے مزید کوشش کرنا چاہئے۔
ایران کے صدر نے ملک میں کورونا کی صورت حال پر قابو پانے کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے کی پابندی اور باہمی نشست و برخاست سے اجتناب کرنا چاہئے اور اس کے ساتھ ہی قومی و مذہبی اجتماعات میں بھی اس کا مزید خیال رکھا جائے۔
صدر روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران ترقی یافتہ ممالک اور یورپ کے مقابلے میں کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں پیچھے نہیں ہے اور اس منحوس وائرس نے دنیا کے تمام ممالک کی سماجی، ثقافتی، علمی، تربیتی، اقتصادی اور تعلیمی زندگی کے ساتھ ساتھ روزگار، معیشت، تجارت اور برآمدات کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔