افغانستان میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت
کابل میں ایران کے سفارت خانے نے ایک بیان میں افغان شہریوں کے خلاف غیر انسانی اقدامات اور اس ملک میں ٹارگٹ کلنگ نیز عوام کے جاری قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق کابل میں ایران کے سفارت خانے سے جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں افسوس کے ساتھ عام شہریوں کے خلاف غیر انسانی اقدامات اور عوام کے قتل عام کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور عالمی برادری، ایسے مجرموں کے ہاتھوں وقوع پذیر ہونے والے دردناک واقعات کا مشاہدہ کر رہی ہے جو وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کر کے اپنے ناپاک مقاصد کے حصول کے درپے ہیں۔
اس بیان میں وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ دہشت گردی کو اپنے مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنائے جانے سے نہ صرف افغانستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ وحشی مجرموں کو شہ بھی مل رہی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی مجرمانہ ماہیت پوشیدہ نہیں رہ سکتی اور خطرناک مجرم اپنے کئے کی سزاؤں سے نہیں بچ سکیں گے۔ واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔