Jul ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • او آئی سی غزہ کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرے: عراقچی

غزہ میں مظالم پر ایرانی وزیر خارجہ کا ترک ہم منصب سے رابطہ، اسلامی دنیا سے فوری اقدام کی اپیل

سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران غزہ میں جاری صہیونی جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسلامی ممالک سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی حالات، خصوصا غزہ کے نہتے عوام پر صہیونی حکومت کے بڑھتے ہوئے حملوں اور شام پر جارحیت کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔

عراقچی نے غزہ میں صہیونی جرائم، فلسطینیوں کی نسل کشی میں شدت اور انہیں پانی و خوراک سے محروم کرنے جیسے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو فوری اور سنجیدہ اقدام اٹھانا چاہیے، خصوصا اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور غزہ میں نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

گفتگو کے دوران ترکی کے وزیر خارجہ نے بھی غزہ اور شام کے خلاف صہیونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کو صہیونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کو روکنے کے لیے فوری اور منظم اقدام کرنا چاہیے۔