Nov ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے اپنے جرم کا خود ہی اعتراف کر لیا، حملہ آوروں کو قیمت ادا کرنی ہوگی: قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اجلاس میں اسپیکر قالیباف نے امریکی صدر کے اعتراف کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایران متحد ہے، حملہ آوروں کو قیمت ادا کرنی ہوگی۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اعتراف کو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ایران پر جون میں ہونے والی جارحیت کے قانونی، سیاسی اور عسکری نتائج بھگتنا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ وہ ایرانی قوم کی جانب سے اس سنگین جرم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ امریکہ بین الاقوامی قانون کے تحت اس جارحیت کے نتائج قبول کرنے کا پابند ہے، جس میں متعدد ایرانی شہری شہید ہوئے۔

قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم ہر خطرے کے مقابلے میں متحد اور پرعزم ہے، اور دشمنوں کو ان کے جارحانہ اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔ اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران اس جنگ کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے پہلے حملہ کیا، وہ حملہ بہت طاقتور تھا، اور میں اس کی قیادت کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر بلااشتعال جنگ مسلط کی، جس میں اعلیٰ فوجی کمانڈرز، جوہری سائنسدان اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک ہفتے بعد امریکہ نے بھی جنگ میں شامل ہو کر ایران کے تین جوہری مراکز پر حملہ کیا، جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ ایران کے جوابی حملوں کی وجہ سے صہیونی حکومت اور امریکہ جنگ بندی پر مجبور ہوگئے۔

ٹیگس