اس وقت دنیا کے حالات دوسری عالمی جنگ سے پہلے جیسے! آخر اس کی کیا ہے وجہ؟
امریکی وزیر جنگ نے دعوی کیا ہے کہ اس وقت دنیا کے حالات دوسری عالمی جنگ سے پہلے جیسے ہوگئے ہیں۔ انھوں نے دعوی کیا ہے کہ بقول ان کے امریکا کے دشمن اپنی فوجی طاقت بڑھا رہے ہیں ۔
سحرنیوز/دنیا: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹ نے نے واشنگٹن میں امریکا کی نیشنل وار یونیورسٹی میں اپنی تقریر میں کہا ہے کہ بقول ان کے اس وقت دنیا کی وہی حالت ہے جو انیس سو انتالیس میں دوسری عالمی جنگ شروع ہونے سے پہلے تھی۔ انھوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں اپنے جنگ پسندانہ اور جارحانہ اقدامات کا کوئی ذکر کئے بغیر دعوی کیا کہ امریکا کے دشمن بقول ان کے اپنی فوجی طاقت بڑھا رہے ہیں۔
پیٹ ہیگسیٹ نے کہا کہ دنیا کی حالات کبھی انیس سو انتالیس جیسے تو کبھی انیس سو اکیاسی جیسے ہورہے ہیں، ہنگامی حالات ار خطرات کا احساس ہورہا ہے۔ انھوں نے دعوی کیا کہ امریکا کے دشمن جمع ہورہے ہیں اور خطرات بڑھتے جارہے ہیں اور ہمیں جنگ روکنے کے لئے بلاتاخیر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی وزیر جنگ نے یہ بات ایسی حالت میں کی ہے کہ مغربی ایشیا سے لے کر یوریشیا اور لاطینی امریکا تک ہر جگہ امریکا نے خود جنگ کے حالات پیدا کررکھے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دو دن قبل اعتراف کیا ہے کہ ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی بارہ روزہ جارحیت میں امریکا کا مرکزی کردار تھا۔
پوری دنیا جانتی ہے کہ غزہ کے عوام کی وحشیانہ ترین نسل کشی امریکی حمایت اور اسلحے سے کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرکے دنیا میں ایک نیا بحران کھڑا کردیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے اعلان سے دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں خطرناک دوڑ شروع ہوجانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔