جنگ بندی کے باوجود صیہونی حملے جاری، مزید 7 فلسطینی شہید
شہدائے غزہ کی تعداد انہتر ہزار ایک سو چھہتر ہوگئی
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سات شہیدوں کے جنازے اسپتالوں میں لائے گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک فلسطینی غاصب صیہونی فوجیوں کی تازہ فائرنگ میں شہید ہوا ہے اور سات جنازے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالے گئے ہیں۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی شہید اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ دس اکتوبر کو غزہ میں جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک غاصب صیہونی فوجیوں کی فائرنگ اور فضائی حملوں میں دو سو اکتالیس فلسطینی شہید اور چھے سو انیس زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ بمباریوں میں تباہ ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے سے پانچ سو اٹھائیس شہدا کے جنازے نکالے جاچکے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق تازہ اعداد وشمار کو شامل کرنے کے بعد سات اکتوبر دو ہزار تیئس سے اب تک غزہ پرغاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد انہتر ہزار ایک سو چھہتر اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار چھے سو نوے ہوگئی ہے ۔