یمن: سعودی عرب کی بمباری میں سترہ افراد شہید
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
یمن پر سعودی عرب کی بمباری میں سترہ عام شہری شہید ہو گۓ ہیں۔
مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعے کے دن الحدیدہ کے جنوب میں واقع حیس شہر میں ایک میڈیکل سینٹر پر دو بار بمباری کی۔ اس حملے میں کم از کم سترہ عام شہری شہید اور دسیوں زخمی ہو گئے۔ اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ خدشہ ہے۔ مقامی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کو بچانے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جمعے کے دن ہی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے حیس شہر میں واقع ایک سرکاری عمارت کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اسکائی نیوز ٹی وی نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں صوبہ اب میں واقع یمن کی سیکورٹی فورس کی چھاؤنی پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری کی خبر دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ صعدہ کو بھی اپنی بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ سعودی عرب نے رواں سال چھبیس مارچ سے یمن پر اپنے وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ ان حملوں میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں اور یمن کی بنیادی تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔