یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کی بمباری جاری
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
سعودی عرب کے لڑاکا طیارے یمن کی بنیادی تنصیبات اور رہائشی علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں-
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی رات بھی صوبہ " اب "کے مختلف علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا اور اس صوبے کے رہائشی علاقوں اور بنیادی تنصیبات کو تباہ کر دیا- سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف صوبوں خاص طور سے صوبہ صعدہ پر ہفتے کے روز بارہ مرتبہ بمباری کی جس میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے- درایں اثنا صوبہ عمران کے سفیان شہر کے ایک محلے پر سعودی بمباری میں پانچ خواتین اور بچے شہید اور کئی افراد زخمی ہو گئے- سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہسپتال، اسکول، رہائشی مکانات اور بنیادی تنصیبات تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ، چار ہزار سے زیادہ افراد شہید اور ہزاروں بے گناہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں- ایک اور رپورٹ کے مطابق القاعدہ اور داعش دہشت گردوں نے جنوبی یمن کے صوبہ لحج کے " صبر " علاقے میں واقع سعودی حملوں کے مخالف یمنی عالم دین، شیخ علی العبید العزیبی کے گھر کو دھماکے سے تباہ کر دیا جبکہ القاعدہ کے کچھ دہشت گردوں نے صوبہ عدن میں دارسعد کے علاقے میں یمنی فوج کے کمانڈر علی القہیب کے گھر کو تباہ کر دیا- ایک اور رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے جوانوں نے ریاض کے جرائم کا جواب دیتے ہوئے سعودی عرب کے مختلف صوبوں منجملہ جیزان، نجران، ظہران اور عسیر میں واقع فوجی اڈوں پر توپخانوں اور میزائلوں سے حملہ کیا- یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے جوانوں نے جیزان کے شہر الخوبہ میں ایک فوجی چوکی اور نجران میں سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس بیس کو مارٹر گولوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا- یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے جوانوں نے سعودی عرب کے صوبہ جیزان میں الفریضہ اور الشیخ و الجہاد فوجی اڈوں پر بھی میزائلی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں سعودی فوجیوں نے فوری پسپائی اختیار کر لی- درایں اثنا ابین کے صدر مقام شہر زنجبار پر قبضے کے لئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے چار ہزار سے زیادہ فوجیوں اور القاعدہ و داعش دہشت گردوں نے امریکی فوجی مشیروں کی حمایت سے حملہ کیا جو ناکام ہو گیا- درایں اثنا شہر مآرب کی جانب یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے جوانوں کی پیشقدمی جاری ہے اور یمنی جوانوں نے اس شہر میں القاعدہ اور سعودی آلہ کاروں کے کئی اڈے تباہ کر دیئے ہیں-