یمن کے خلاف جنگ میں امریکا سعودی عرب کا حامی
Aug ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے کہا کہ یمن کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ صالح الصماد نے کہا کہ سعودی عرب فوجی ساز و سامان کے بےتحاشا استعمال کے ذریعے اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ یمنی قوم اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے- صالح الصماد نے کہا کہ سعودی عرب کو یمن کے خلاف جنگ میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے۔ صالح الصماد نے مزید کہا کہ ابھی سعودی عرب کے ساتھ حقیقی جنگ شروع نہیں ہوئی ہے اور فتح یمنی قوم کے ہی قدم چومے گی۔ صالح الصماد نے یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی اتحاد اور ثابت قدمی سے کام لیں اور اغیار کے ذرائع ابلاغ کے منفی پروپیگنڈے کی جانب توجہ نہ دیں۔ صالح الصماد کا کہنا تھا کہ اغیار کے ذرائع ابلاغ یمنی قوم کے حوصلے پست کرنے کے درپے ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ صالح الصماد کا کہنا تھا کہ یمن کی فوج نے استقامت کی اپنی حکمت عملی بدل لی ہے جس کی وجہ سے دشمنوں کو سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں سال مارچ کے مہینے سے یمن کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک یمن کے ہزاروں شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔