Aug ۱۶, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے پر یمنی فوج کا کنٹرول

یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا-

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے اتوار کو سعودی عرب کے الحاجر فوجی اڈے پر حملہ کر کے سعودی فوجیوں کی دو گاڑیاں تباہ کر دیں- یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے اس کامیاب کارروائی میں الحاجر فوجی اڈے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا- یمنی فوج اور رضاکار عوامی فورسز کا یہ آپریشن سعودی عرب کے مسلسل جرائم اور وحشیانہ حملوں کے جواب میں انجام پایا- یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری جاری ہے- سعودی لڑاکا طیاروں نے اتوار کو شمالی یمن کے صوبہ صعدہ پر بمباری کی جس میں ایک بچہ شہید ہو گیا- سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ مآرب، تعز، البیضاء، حجہ اور جوف کے مختلف علاقوں پر اتوار کو بھی بمباری کی- ایک اور رپورٹ کے مطابق جازان سرحدی علاقے میں اتوار کو یمن کی عوامی انقلابی تحریک کی کارروائی میں بیس بحرینی فوجی اور نجران اور جازان علاقوں میں دسیوں سعودی فوجی ہلاک ہو ئے ہیں- ذرائع کے مطابق یمنی فوج نے ہلاک کئے جانے والے بحرینی فوجیوں کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لی ہیں تاکہ ایک بار پھر ثابت کر سکیں کہ بحرین کی بری فوج، یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی زمینی کارروائی میں براہ راست حصہ لے رہی ہے-