Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • سعودی عرب یمنی قوم کو تباہ کرنے کے درپے ہے: محمد علی الحوثی

یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے حملے جاری رہنے کا مقصد یمنی قوم کو تباہ اور نیست و نابود کرنا ہے۔

یمن کی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے یمن کے اہم مراکز پر سعودی عرب کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ دشمن ممنوعہ ہتھیاروں سے یمنی قوم کا قتل عام اور یمن کی بنیادی تنصیبات پر بمباری کرنے کے ذریعے یمنی قوم کو نیست و نابود کرنے کے درپے ہے اور جارح ممالک اس کے ذمہ دار ہیں۔ محمد علی الحوثی کا کہنا تھا کہ جارحین کو رسوا اور ان کے مظالم کو بےنقاب کرنے کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے۔ یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی کا کہنا تھا کہ یمنی قوم جارح دشمن کے مقابلے میں بدستور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہے گی اور کامیاب ہو گی۔ محمد علی الحوثی نے سعودی عرب کے حملے جاری رہنے کی بنا پر یمن کی تباہی و بربادی اور اس ملک کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار اقوام متحدہ کو قرار دیا اور کہا کہ عالمی اداروں نے سعودی عرب کے حملے جاری رہنے پر یا تو خاموشی اختیار کر رکھی ہے یا صرف زبانی مذمت کرتے ہیں۔ محمد علی الحوثی نے حدیدہ بندرگاہ پر بمباری کو شرمناک جرم قرار دیا اور کہا کہ یمن کی بندرگاہوں پر سعودی جارحین کے حملے عالمی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور یمنی قوم کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔