Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں دسیوں شہری شہید

یمن کے شہروں اور دیہاتوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملوں میں دسیوں یمنی شہری شہید ہو گئے ہیں-

العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے جنوبی صوبے البیضا کے شہر مکراس میں ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دس یمنی شہری شہید ہو گئے- سعودی جارح لڑاکا طیاروں نے یمن کے مغرب میں واقع الحدیدہ بندرگاہ کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں تین یمنی شہری شہید ہو گئے- یمن کے شمالی شہر عمران کے محکمہ تعلیم کے دفتر پر ہونے والے سعودی حملے میں انیس افراد شہید اور اٹھارہ زخمی ہوئے ہیں- ادھر شمالی علاقے صعدہ کے شہر رازح میں بھی ایک گھر پر سعودی لڑاکا طیاروں نے بمباری کی جس میں ایک یمنی شہری شہید ہو گیا- سعودی لڑاکا طیاروں نے جنوبی صوبے تعز میں صدارتی محل پر بھی حملہ کیا ہے- دوسری طرف یمن کی فوج بھی سعودی عرب کے حملوں کے جواب میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے- یمنی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جیزان میں سعودی عرب کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے- یمن کی فوج اور عوامی فورس نے نجران میں سعودی فوجی چوکیوں پر بھی حملہ کیا ہے- دریں اثنا یمن کی عوامی فورس اور فوج کے توپ خانے نے بھی ظہران عسیر علاقے میں سعودی عرب کے فوجی اڈے الہجلہ پر گولہ باری کی ہے-