القاعدہ اور داعش یمن میں سعودی عرب کے آلہ کار
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے دہشت گرد گروہوں القاعدہ اور داعش کو یمن میں امریکا اور سعودی عرب کے آلہ کار قرار دیا ہے۔
یمنی ویب سائٹ سبا نیٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں دہشت گردانہ اقدامات کو دینی اور انسانی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے پر تاکید کی گئی ہے۔ اس بیان میں مزید آیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش اور القاعدہ امریکا اور سعودی عرب کے گرین سگنل کے ساتھ یمن میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے بیان میں یمنی عوام کو سامراجی پالیسیوں کا مخالف قرار دیتے ہوئے اس بات پر تاکید کی گئی ہے کہ اغیار نے رواں سال مارچ کے مہینے سے اب تک یمن کی تباہی و بربادی اور یمنی عوام کے قتل عام کے لئے مختلف حربے آزمائے ہیں۔ اس بیان میں دشمنوں سے مقابلے اور دہشت گردوں کے خلاف ردعمل کے لئے یمنی عوام کے اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورس کے اہلکاروں نے دہشت گرد گروہ القاعدہ کے ساتھ لڑائی کے بعد جنوبی یمن کے علاقے مکیراس کے متعدد دیہاتوں سے دہشت گردوں کو مار بھگایا ہے۔