یمن میں تکفیری دہشت گردوں کے جرائم کا ذمہ دار، سعودی عرب
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ تعز میں تکفیریوں کے ہاتھوں ہونے والے جرائم کے ذمہ داری سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوتی ہے-
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ نے جمعرات کو ایک بیان میں صوبہ تعز میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش اور القاعدہ کے دہشت گردوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اسے یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جرائم کا حصہ قرار دیا- تحریک انصار اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ جارحین، یمن کو تباہ و برباد کرنے اور عالمی سامراج کے استعماری منصوبوں کے مخالف اس ملک کے عوام کی آزادی ختم کرنے کے لئے القاعدہ اور داعش دہشت گردوں کو استعمال کر رہے ہیں- اس بیان میں آیا ہے کہ تحریک انصار اللہ، تعز کے دسیوں شہریوں کے قتل عام، ان کے بدن کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے سڑکوں پر پھینکنے اور یمنی شہریوں کو نذر آتش کرنے اور انھیں سولی پر چڑھانے جیسے تمام گھناؤنے اقدامات کا ذمہ دار آل سعود کو سمجھتی ہے- درایں اثنا تحریک انصار اللہ نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ یمن کی عوامی رضاکار فورسز اور فوج نے جمعرات کے روز الجحملیہ علاقے اور تعز کے گورنر ہاؤس کو سعودی ایجنٹوں کے قبضے سے واپس لے لیا اور سعودی حکومت سے وابستہ دہشت گردوں کو کافی بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا- سعودی آلہ کاروں اور القاعدہ و داعش دہشت گردوں نے گذشتہ دنوں صوبہ تعز کے کئی اضلاع پر قبضہ کر لیا تھا اور عام شہریوں کے قتل عام سمیت ہولناک جرائم انجام دیئے تھے- یمن کی عوامی رضاکار فورسز نے جمعرات کی صبح صوبہ "اب" کے نقیل الرکہ علاقے میں بھی داعش اور القاعدہ دہشت گردوں پر حملہ کر کے ان کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک اور دہشت گردوں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا-