Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • ابراہیم شریف کی طرف سے آل خلیفہ کی عدالت کے الزام کی تردید

بحرین کی جمعیت وعد کے سابق سیکریٹری جنرل ابراہیم شریف نے آل خلیفہ کی عدالت کے الزام کو بےبنیاد قرار دیا ہے-

موصولہ رپورٹ کے مطابق بحرین کی عدالت میں پیر کے روز جمعیت وعد کے سابق سیکریٹری جنرل ابراہیم شریف کے خلاف مقدمے کی کارروائی ہوئی- ان پر سیاسی نظام کی تبدیلی کے لئے طاقت کے استعمال کا الزام ہے جبکہ ابراہیم شریف نے اس الزام کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ ان پر لگایا گیا الزام بحرین کے اٹارنی جنرل کا من گھڑت اور بےبنیاد الزام ہے- اس مقدمے کی آئندہ کارروائی کے لئے بحرین کی عدالت نے بارہ اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے- ابراہیم شریف کو، جن کو قید میں چار سال گزارنے کے بعد انیس جون کو شاہی معافی کے تحت آزاد کر دیا گیا تھا، جولائی میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا- ابراہیم شریف کو بحرین میں سیاسی اصلاحات کے لئے چلنے والی حکومت مخالف تحریک میں کردار ادا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے- انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کی رپورٹ کے مطابق دو ہزار گیارہ میں بحرین میں عوامی احتجاج کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سیکڑوں حکومت مخالفین جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے افراد کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے جہاں ان پر تشدد روا رکھا جاتا ہے-