Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کی جارحیت، یمنی فوج ک جوابی کارروائی

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے جارحانہ حملے بدستور جاری ہیں-

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز بھی یمن کے شہر مآرب کے مختلف علاقوں کو سعودی طیاروں نے پچیس مرتبہ نشانہ بنایا ہے- یمن کے مغربی شہر الحدیدہ کے رہائشی علاقوں پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک شخص شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے- سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مضافاتی علاقے قاع القیضی میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری کر کے دو خواتین سمیت تین شہریوں کو شہید کر دیا ہے- دوسری جانب دہشت گرد گروہ القاعدہ کے افراد نے، جو عدن شہر میں داخل ہو گئے تھے، حالیہ دنوں کے دوران دوسری مرتبہ صوبہ عدن کی سیاسی سیکورٹی کی عمارت میں دھماکہ کیا ہے- در ایں اثنا جنوبی یمن کے صوبہ لحج میں سیاسی سیکورٹی کی عمارت کے قریب ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے- ایک اور رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے شہر عدن میں عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے- یورپی یونین نے کہا ہے کہ ایسے حملے، عالمی انسانی قوانین کی توہین ہیں، جو نہ صرف انسانوں کی جانوں کے لئے خطرہ ہیں بلکہ ضرورت مندوں تک امداد پہنچائے جانے کی کارروائیوں کو بھی مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں- واضح رہے کہ پیر کے روز صوبہ عدن میں عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر پر نامعلوم افراد نے حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا تھا- یمن پر سعودی حکومت کے جارحانہ حملوں کے جواب میں یمن کی فوج اور عوامی دستوں نے سعودی عرب کے صوبے جیزان میں سعودی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے تین سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے-