Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • تعز کی بحرانی صورتحال، ہلال احمر سوسائٹی کی سرگرمیاں ٹھپ

یمن کی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ تعز کی بحرانی صورتحال کی وجہ سے، اس شہر میں تمام امدادی روک دی گئی ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق، یمن کی ہلال احمر سوسائٹی نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس جارحیت کے نتیجے میں صوبہ تعز تک امدادی ساز و سامان پہنچانے کا کام ٹھپ پڑ گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے یہ حملے کرکے تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کو پاؤں تلے روند دیا ہے، حالانکہ جارح افواج کا فرض ہے کہ وہ امداد رساں اداروں کے حقوق کا احترام اور انسان دوستانہ امداد کی فراہمی کا راستہ ہموار کریں۔ یمن کی ہلال احمر سوسائٹی نے اس بیان میں جنگ کے متاثرین تک طبی امداد پہنچانے اور میڈیکل ٹیموں کی حفاظت کرنے پر زور دیا ہے۔ اس بیان میں تعز پر اندھا دھند بمباری اور شہر کی بنیادی تنصیبات کی تباہی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ تعز میں عالمی ریڈ کراس کے دفتر نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس شہر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں اسپتالوں کو زخمیوں کی بڑی تعداد اور طبی وسائل ساز و سامان کے ختم ہونے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔