حیدر العبادی کی جانب سے دوحہ کانفرنس میں شرکت سے انکار
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
-
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی
عراقی وزیر اعظم کے ایک قریبی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ بغداد، دوحہ کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا
سومریہ نیوز سائٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم کے ایک قریبی ذریعے نے دوحہ کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں بغداد کے ساتھ کسی بھی قسم کی ہم آہنگی نہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے سیاسی دھڑوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک کے قومی اتحاد کے تحفظ کے لئے اس کانفرنس میں شرکت نہ کریں-اس عراقی ذریعے نے، عراق میں دہشت گردی سے مقابلے کے لئے علاقے اور علاقے سے باہر کے حامی ملکوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام گروہوں کی جانب سے قومی آشتی کے عمل میں پیشرفت اور ایک طاقتور عراق بنانے کے لئے ان کا تعاون ضروری ہے تاکہ موجودہ خطرے سے باہر نکلا جا سکے- یہ موقف، عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے دورہ دوحہ کے پیش نظر اختیار کیا گیا ہے-
سلیم الجبوری نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اس ملک کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ آل ثانی کے ساتھ ملاقات میں عراق کی سیاسی صورتحال اور قومی مصالحت کے عمل کا جائزہ لیا- عراقی پارلیمنٹ کی رکن عواطف نعمہ نے بھی کہا کہ سلیم الجبوری نے قطر کا دورہ کر کے، عراق میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بےگناہ عراقیوں کا خون بہائے جانے کو نظر انداز کیا ہے-
انہوں نے کہا کہ عراق کو تقسیم کرنے کے مقصد سے دوحہ میں منعقدہ کانفرنس میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کی شرکت کے سبب، انھیں اسپیکر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے سو اراکین پارلیمنٹ نے ایک میمورنڈم پر دستخط کر دیئے ہیں-
دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ میں حکومت قانون اتحاد کے نمائندے حسین المالکی نے کہا ہے کہ عراقی اراکین پارلیمنٹ پہلے ہی تقسیم عراق کی غرض سے منعقدہ دوحہ کانفرنس میں شرکت کے لئے قطر کے دورے کے بارے میں خبردار کر چکے تھے- عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی عراق کے داخلی امور میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے اس ملک کی ارضی سالمیت کے احترام اور آئین نیز عراق کے ساتھ مفاہمت میں قانونی روشوں کی رعایت پر تاکید کی ہے-