سعودی عرب یمن کی فوج اور انصاراللہ کی طاقت کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکا: کیم شریف
Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
یمن کے لئے انسانی حقوق گروپ کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کی طاقت کا اندازہ لگانے میں غلطی کی ہے۔
یمن کے لئے انسانی حقوق گروپ کے ڈائریکٹر کیم شریف نے ہفتے کے دن پریس ٹی وی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ یمن کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ شکست ہمیشہ غیر ملکی جارحین اور حملہ آوروں کو ہی ہوئی ہے۔ کیم شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی حکومت یمن کی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے یمن کی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کے مقابلے میں بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ کیم شریف نے یمن کی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کے عزم و ارادے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر پے در پے وار کر کے سعودی عرب کو مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ یمن کی ویب سائٹ الاتحاد پریس نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یمن کے مارب علاقے میں جمعے کے دن یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملے میں سعودی عرب کے ستانوے، متحدہ عرب امارات کے تراسی اور بحرین کے اکتیس فوجی ہلاک ہو گئے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے چھ فوجی طیاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والے اپنے فوجیوں کو اس علاقے سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں منتقل کر دیا ہے جبکہ باقی فوجی اصلاح پارٹی کے زرخرید عناصر کے ہمراہ صوبہ حضرموت کی جانب فرار ہو گئے۔