آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کی جانب سے بھیجا گیا وفد میناب پہنچ گیا، متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی
عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی جانب سے ایک خصوصی وفد ایران کے شہر میناب پہنچ گیا ہے، جس کا مقصد حالیہ واقعات سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور مدد فراہم کرنا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:میڈیا رپورٹس کے مطابق، آیت اللہ العظمی سیستانی کے دفتر کے نمائندے سید محمد جواد آل احمد نے بتایا کہ ایران کے عوام، مجاہدین اور جنگ سے متاثرہ افراد کی حمایت کے فتوے کے بعد، آیت اللہ سید جواد شهرستانی کی ہدایت پر ایک وفد حجت الاسلام والمسلمین فقیہ ایمانی کی سربراہی میں میناب روانہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ وفد بالخصوص شجرہ طیّبہ گرلز پرائمری اسکول کے شہید طلبہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور دیگر متاثرین کی دلجوئی کے لیے آیا ہے۔ یہ اقدام کربلا میں موجود روضۂ امام حسینؑ (عتبہ حسینیہ) کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
آل احمد کے مطابق، آیت اللہ العظمی سیستانی کی ہدایت اور عتبہ حسینیہ کے تعاون سے اس اسکول کو جدید سہولیات کے ساتھ ازسرِ نو تعمیر کیا جائے گا۔
ادھر ذرائع کے مطابق، ہرمزگان کے گورنر اور عتبہ حسینیہ کے درمیان معاہدے کے بعد اسکول کی تعمیر کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جس کی افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکام اور مقامی عوام شرکت کریں گے۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel