Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • شام: برطانیہ بدستور سامراجی پالیسیوں پر عمل پیرا

شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ برطانیہ بدستور اپنی استعماری پالیسیوں پر عمل درآمد کی کوشش کر رہا ہے-

الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کو علیحدہ علیحدہ خط میں، شام کے تعلق سے بعض برطانوی حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات میں تیزی آنے پر احتجاج کیا ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چند برطانوی حکام کے بیان سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ بعض مغربی حکومتیں ایک بار پھر سامراجی دور واپس لانے کے درپے ہیں جبکہ مشرق وسطی، افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ کے عوام بدستور برطانیہ کی سامراجی پالیسیوں کے نتائج کے سبب رنج و آلام میں مبتلا ہیں- شام کی وزارت خارجہ نے اسی طرح دہشت گردی سے مقابلے میں شام کے حق کے انکار کو، حکومتوں اور قوموں کے اپنی سرزمین کے دفاع کے حق سے متعلق قوانین کے برخلاف قرار دیا- شام سے ہی ایک اور خبر یہ ہے شامی فوج نے قنیطرہ صوبے کے الحمیدیہ اور طرنجہ علاقوں میں دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے متعدد عناصر کو ہلاک کر دیا ہے- ریف دمشق صوبے کے الزبدانی اور الغوطہ شرقی علاقوں میں بھی شام کی فوج نے کارروائی کر کے ستائیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں ایک چچن باشندہ بھی شامل ہے-