ترک مزدوروں کا اغوا، عراقی سیکورٹی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے: عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے ترک مزدوروں کے اغوا کی کارروائی کو عراقی سیکورٹی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا ہے-
اطلاعات کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے اتوار کے روز عراقی حکومت اور سیکورٹی اداروں سے کہا کہ بغداد میں اغوا کئے گئے ترک مزدوروں کی آزادی کے لئے مزید کوششیں کی جائیں- انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی عراقی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی طاقت و توانائی کو نقصان پہنچانے اور ان کو بدنام کرنے کے مقصد سے انجام دی گئی ہے البتہ امید ہے کہ عراق کے تمام سیکورٹی ادارے ملک میں سیکورٹی کے قیام کے لئے اپنے کردار پر کاربند رہیں گے- عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تمام ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے تحفظ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام عراقی گروپوں کو چاہئے کہ وہ اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کی پابندی کرتے ہوئے عراق کے علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کو متاثر کرنے والی کوششوں کا مقابلہ کریں- واضح رہے کہ چند روز قبل فوجی لباس میں ملبوس کچھ مسلح افراد نے دارالحکومت بغداد کے ایک زیر تعمیر اسٹیڈیم سے اٹھارہ ترک مزدوروں کو اغوا کر لیا تھا-