پاکستانی وزیراعظم کے بیان پر حکومت افغانستان کا ردعمل
-
پاکستانی وزیراعظم کے بیان پر حکومت افغانستان کا ردعمل
افغانستان نے پاکستان سے سبھی دہشت گرد گروہوں کے خلاف یکساں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ افغانستان کے ایوان صدر کے نائب ترجمان نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان جس طرح ان گروہوں کے خلاف آپریشن کررہا ہے جو پاکستان کے اندر دہشت گردی کرتےہیں، اسی طرح ان گروہوں کے خلاف بھی آپریشن کرے جو افغانستان کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں۔
افغان ایوان صدر کے نائب ترجمان سید ظفر ہاشمی نے کہا کہ حکومت افغانستان اس گروہ سے ہرگز صلح نہیں کرے گی جو یہاں عوام کا قتل عام کرتے ہیں اور بھاگ کے دوسرے ملک میں پناہ لیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے خلاف جنگ کرنے والوں کے خلاف ہماری مہم جاری رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے واشنگٹن کے انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں اپنی تقریر میں کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن مذاکرات کی بحالی میں مدد کے لئے تیار ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر بھی لایا جائے اور انھیں ختم کرنے کی کوشش بھی کی جائے ۔