Jan ۰۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  •  عرب ممالک کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے آیت اللہ باقر النمر کو دی گئی سزائے موت کی مذمت

بارہ عرب ملکوں کی انسانی حقوق کی سو سے زیادہ تنظیموں نے سعودی مجاہد عالم دین آیت اللہ باقر النمر کو دی گئی سزائے موت کے آل سعود حکومت کے مجرمانہ اقدام کی مذمت کی ہے۔

العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بارہ عرب ملکوں کی انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی ایک سو چوالیس تنظیموں نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ آیت اللہ شیخ باقر النمر کو سعودی شہریوں کے سیاسی حقوق کے مطالبے کے الزام میں سزائے موت دی گئی ہے۔ ان تنطیموں نے اپنے بیان میں سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی پالیسی اور بے بنیاد الزامات کے تحت غیر منصفانہ مقدمات پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورت حال بدتر ہونے کی طرف سے بین الاقوامی غفلت کے بارے میں افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بارہ عرب ممالک کی انسانی حقوق کی ان ایک سو چوالیس تنظیموں نے کہا ہے کہ بہت سی قانونی تنظیموں اور گروپوں نے پہلے ہی آیت اللہ شیخ باقر النمر کی آزادی یا پھر ان کے منصفانہ مقدمے کا مطالبہ کیا تھا لیکن سعودی حکام نے اس مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اس بیان میں آیا ہے کہ آل سعود حکومت نے سعودی عرب کے مجاہد عالم دین آیت اللہ باقر النمر کی لاش ان کے اہل خانہ کو نہ دے کر ایک اور جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ عرب تنظیموں نے اپنے بیان میں سعودی عرب میں سیاسی پھانسیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیت اللہ نمر کو ان کے نظریات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بارہ عرب ممالک کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے تحت غیر منصفانہ مقدمہ چلا کر سیاسی قیدیوں کو سزائے موت نہ دی جائے۔ ان تنظیموں نے آیت اللہ باقر النمر کے مطالبات کو جائز اور سعودی شہریوں کے حقوق کے دفاع میں قرار دیا ہے۔