بحرین، تباہ شدہ مساجد کے مقام پر نماز باجماعت
بحرینی شہریوں نے آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں اس ملک کی مسمار شدہ مساجد پر نماز باجماعت ادا کی۔
اللولوہ ٹی وی چینل کی ویب سائٹ کے مطابق بحرینی شہریوں نے ہفتے کے روز العلویات مسجد کے ملبے پر آیۃ اللہ میثم السلمانی کی امامت میں ظہر اور عصر کی نماز باجماعت ادا کی۔ بحرینی عوام اور علماء، آل خلیفہ کے کارندوں کے ہاتھوں تباہ کی گئی مساجد کی تعمیر کے خواہاں ہیں اور وہ، بہت سی تباہ شدہ مساجد کی جگہ تبدیل کرنے پر مبنی آل خلیفہ حکومت کے فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ آل خلیفہ حکومت نے دو ہزار گیارہ میں بحرینی عوام کے انقلاب کے آغاز کے وقت سے اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کے خلاف اپنی دشمنانہ اور انتقامی پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اسی دشمنی کے نتیجے میں شیعہ مسلمانوں کی اڑتیس مساجد کو مسمار کر دیا ہے۔ بحرینی حکومت کے اس اقدام پر اندرون و بیرون ملک شدید احتجاج کیا گیا۔ بحرینی شہریوں نے کئی مساجد کو اپنے پیسے سے دوبارہ تعمیر کیا ہے۔ دوسری جانب بحرین میں چودہ فروری کے عوامی انقلاب کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر آل خلیفہ کے اہلکاروں نے پانچ شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ اللولوہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ بحرین کے انقلابی عوام کی پانچویں سالگرہ کے نزدیک آنے کے موقع پر اس ملک میں آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے متعدد چک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے چودہ فروری کی آمد کے موقع پر عوامی مظاہروں کو کچلنے کے لئے پولیس اور فوج کی نفری بڑھا دی ہے۔ واضح رہے کہ بحرین کے عوام، دو ہزار گیارہ سے اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وہ پر امن مظاہرے بھی کر رہے ہیں لیکن آل خلیفہ حکومت ان کے مظاہروں کو کچل دیتی ہے۔