شام کے علاقے پر ترکی کی گولہ باری
ترکی کی فوج نے شام کےصوبہ لاذقیہ میں شامی فوج کے ٹھکانوں پر توپخانوں سے حملہ کیا ہے۔
ایک فوجی ذریعے نے روسی خبررساں ایجنسی ریانووستی کو بتایا کہ ترکی کے توپخانوں نے صوبہ لاذقیہ کے شمال مغرب میں العالیہ کوہستانی علاقے میں شامی فوج کے اڈے پر گولہ باری کی ہے۔
مذکورہ فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ترکی کی جانب سے کئی مارٹر گولے داغے گئے۔
ترکی کی فوج نے اس سے پہلے بھی حلب میں کرد ملیشیا اور شامی فوج کے اڈوں پر حملہ کیا تھا۔
ترکی کے ایک فوجی ذریعے نے ہفتے کو تفصیلات بتائے بغیر کہا تھا کہ ترکی کی فوج نے کردوں کی ڈیموکریٹک یونائٹڈ پارٹی کی ملیشیا کے ٹھکانوں پر توپخانوں سے حملہ کیا ہے۔
شامی کردوں کے ٹھکانوں پر ترک فوج کے یہ حملے ترکی کے وزیر اعظم داؤد اوغلو کے اس بیان کے بعد ہوئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ترکی کو کردوں سے خطرے کا احساس ہوا تو وہ شام میں ان کے ٹھکانوں پر حملہ کرے گا۔