Feb ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۷ Asia/Tehran
  • بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی

بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ شاہی حکومت کی جیلوں میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ یوسف ربیع نے کہا ہے کہ بحرین، ان ملکوں میں سے ایک ہے کہ جہاں قیدیوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی بحرین کا نام ان ملکوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے، جو قیدیوں کے حقوق کا احترام نہیں کرتے۔ یوسف ربیع نے کہا کہ گذشتہ برس مارچ کے مہینے میں بحرین کی سینٹرل جیل، الجو میں رونما ہونے والے واقعات اور جیل کے محافظوں کا قیدیوں پر حملہ، صرف سیکورٹی اہلکاروں کی قیدیوں سے بدسلوکی کا معاملہ نہیں تھا بلکہ وہ سیاسی قیدیوں کو کچل دینے کے تعلق سے بحرینی حکومت کا ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کی جیلوں میں جیل حکام کا قیدیوں پر تشدد، آل خلیفہ حکومت کی انتقامی پالیسیوں اور اقدامات کو ظاہر کرتا ہے۔ بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ نے کہا کہ عالمی قوانین، قیدیوں کے حقوق کی حمایت اور احترام پر زور دیتے ہیں لیکن آل خلیفہ کی حکومت ان قوانین کی پاسداری نہیں کرتی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے بھی اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بحرینی شہریوں کو سنائی جانے والی قیدکی سزاؤں، جیلوں میں قیدیوں کو دی جانے والی ایذاؤں اور خاص طور پر الجو جیل کی ابتر صورت حال اور اس جیل میں قیدیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات سے محروم رکھے جانے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔