Mar ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • سعودی حکومت مزید سیاسی کارکنوں کو پھانسی دینے کا ارادہ رکھتی ہے: آیت اللہ باقر النمر کے بھائی کا انتباہ

سعودی عرب کے سیاسی کارکن اور شہید آیت اللہ شیخ باقر النمر کے بھائی محمد النمر نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکومت مزید سیاسی کارکنوں کو پھانسی دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سعودی عرب کے ممتازعالم دین شہید آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھائی محمد النمر نے جمعے کو اپنے بیان میں کہا کہ سعودی حکام آیت اللہ باقر النمر کے بیٹے علی النمر اور دو دیگر سیاسی کارکنوں عبداللہ زاہری اور داؤد مرہون کو پھانسی دینا چاہتے ہیں- محمد النمر نے یہ نہیں بتایا کہ ان افراد کو کب اور کہاں پھانسی دی جائے گی-

واضح رہے کہ سعودی حکومت کے کارندوں نے محمد النمر کے بیٹے اور شہید آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھتیجے علی النمر کو دو ہزار بارہ میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب ان کی عمر صرف سترہ برس تھی- سعودی حکومت نے علی النمر کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت جیسے بیہودہ الزام کے تحت گرفتار کیا تھا۔ دو ہزار چودہ میں آل سعود کی عدلیہ نے علی النمر کو موت کی سزا سنائی تھی جس کی اعلی عدالت نے بھی توثیق کر دی ہے-

یاد رہے کہ آل سعود کی حکومت نے ممتاز سعودی عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کو گذشتہ دو جنوری کو بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا تھا جس پر پوری دنیا میں شدید احتجاج کیا گیا تھا- شہید آیت اللہ شیخ باقر نمر ملک میں مساوات اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے- ان کا مطالبہ تھا کہ سعودی شہریوں کے خلاف تفریق آمیز رویّہ ختم ہونا چاہئے۔