بحرین میں عوام کا آل خلیفہ حکومت کے خلاف مظاہرہ، سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ
بحرینی شہریوں نےحکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کر کےسیاسی رہنماؤں خاص طور پر جمعیت الوفاق کےسربراہ شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کامطالبہ کیا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق بحرینی شہریوں نے جمعے کو دارالحکومت منامہ کے مضافاتی علاقے الدراز میں حکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کرکے آل خلیفہ کی ظالمانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی- مظاہرین اپنے ہاتھوں میں شیخ علی سلمان کی تصویریں اٹھائے ہوئے نعرے لگارہے تھے کہ ہم شیخ علی سلمان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے-
آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے شیخ علی سلمان کو دسمبر دو ہزار چودہ میں وزارت داخلہ کی توہین اور حکومت کا تختہ الٹنےجیسے بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کر لیا تھا- بحرین کی ایک عدالت نے جون دو ہزار پندرہ میں شیخ علی سلمان کو وزارت داخلہ کی توہین کے جھوٹےالزام میں چار سال قید کی سزا سنائی البتہ حکومت کا تختہ الٹنے کے الزام سے انہیں بری کر دیا تھا-
یاد رہے کہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ، آزادی اور جمہوریت کے قیام کے لئے پرامن تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے دوران آل خلیفہ کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور سعودی فوجیوں نے سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا ہے-
انسانی حقوق کی مختلف عالمی تنظیموں نے بھی بحرینی حکومت کے ظالمانہ اور تشدد آمیز اقدامات کی بارہا مذمت کرتے ہوئے ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔