حمص میں شامی فوج کی پیشقدمی،کئی علاقےآزاد
شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کا مشترکہ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
شام سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے حمص کے مشرقی مضافات میں داعش کے زیر قبضہ علاقوں کا محاصرہ تنگ کردیا ہے۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا نے بتایا ہے کہ صوبہ حمص کے شہر التمثیل پر فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے حملے میں بہت سے دہشت گرد مارے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے گزشتہ چند روز سے شہر تدمر میں دہشت گردوں کے مراکز پر حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
شام کا شہر تدمر جس کو پالمیرا بھی کہا جاتا ہے، دنیا کے معروف تاریخی شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
داعش نے دو ہزار پندرہ کے اوائل سے اس شہر پرقبضہ کرنے کے بعد بہت سے تاریخی آثار کو منہدم کردیا ہے۔
شام سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق صوبہ درعا کے شہر انخل میں داعش اور ایک اور مسلح گروہ کے درمیان لڑائی میں کم سے کم بارہ دہشت گرد مارے گئے ۔
ہلاک ہونے والوں میں داعش کا ایک سرغنہ بھی شامل ہے۔
شام کے ہیومن رائٹس آبزرویٹری گروپ نے ،جس کا ہیڈکواٹر لندن میں ہے ، بتایا ہے کہ حلب کے مضافات میں بھی شام کی حکومت کے مسلح مخالفین اور داعش کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کی حکومت کے مسلح مخالفین نے مرینل، الکمالیہ اور الجکمہ نامی دیہی علاقوں سے داعش کے افراد کو نکال باہر کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق داعش کے افراد نے مرینل نامی علاقے سے پسپائی پرمجبور ہونے کے بعد اس گاؤں کے قریب کار بم کا دھماکہ کیا ہے جس میں شام کی حکومت کے مخالف ایک مسلح گروہ کے کئی افراد مارے گئے ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام کی فوج نے جمعے کی شام حما پر داعش کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنادیا تھا۔ اس حملے میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانے کے بعد پسپائی اختیا ر کرنی پڑی تھی ۔
شامی فوج کے اس آپریشن میں داعش کی اسلحے اور گولے بارود سے بھری ایک گاڑی اور ہیوی مشین گن سے لیس دو گاڑیاں تباہ اور درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
دوسری طرف روسی نیوز ایجنسی اسپوٹنک نے رپورٹ دی ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کے افراد ، کہ جنہوں نے شہر رقہ کے عوام کے پاسپورٹ چوری کئے تھے ، شامی فوج کی تازہ ترین کاروائی شروع ہونے کے ساتھ ہی ان پاسپورٹوں کے ساتھ علاقے سے فرار کر گئے-
کہا جا رہا ہے کہ داعش کے افراد نے یہ پاسپورٹ شام کے شمال مشرق میں رقہ کے باشندوں سے ضبط کئے تھے۔شہر رقہ اب تک شام کے شمال مشرق میں داعش کے افراد کا اہم ترین ٹھکانہ تھا-
شام میں سن دوہزار گیارہ سے، بعض مغربی اور عرب ملکوں کی حمایت سے بدامنی جاری ہے اور گذشتہ پانچ برسوں کے دوران شام میں ہزاروں افراد مارے گئے ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔