Mar ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • انصاراللہ اور حزب اللہ کی جانب سے برسلز دھماکوں کی مذمت

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ اور اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے بریسلز دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے، دہشت گردی کے مقابلے میں سنجیدگی کے ساتھ سخت اور دلیرانہ ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے برسلز دہشت گردانہ حملوں کو پوری دنیا میں تکفیری فکر کے پھیل جانے کی علامت قرار دیا ہے۔ المنار ٹی وی کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے برسلز خود کش دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی دنیا کے ہر خطے کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ تمام اقوام کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے ہوئے پوری دنیا میں امن و سلامتی قائم کرنے کی کوشش کرے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آج یمن بالخصوص اس کے جنوبی علاقے بھی تکفیری دہشت گردوں کی زد میں ہیں۔ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ برسلز دھماکوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بعض حکومتیں تکفیری دہشت گردی سے اپنے مخصوص مفادات کے لئے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ انھوں نے اسی کے ساتھ تکفیری دہشت گردوں کے حامی ملکوں سے مطالبہ کیا کہ اپنے موقف پر نظرثانی کریں۔

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے بھی ایک بیان جاری کر کے برسلز دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سبھی ملکوں اور اقوام کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہئے۔

حزب اللہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے برسلز دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برسلز دہشت گردانہ حملوں سے پتہ چلتا ہے کہ تکفیری دہشت گردی کا خطرہ پوری دنیا میں بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر سخت، دلیرانہ اور خلوص نیت کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ منگل کو برسلز کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشن میں ہونے والے دھماکوں میں چونتیس افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان حملوں کی ذمہ داری تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔