عراقی سیکورٹی فورسز شہر ہیت میں داخل ہو گئیں
عراقی ذرائع کے مطابق عراقی سیکورٹی فورسز شہر ہیت کے اہم علاقے میں داخل ہو گئی ہیں۔
عراق کی واع خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے شہر ہیت میں داخل ہو کر الصناعی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔ صوبے الانبار میں البغدادی علاقے کے ایک کمانڈر مال اللہ العبیدی کا کہنا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے شہر ہیت کے مضافات میں ایک صنعتی علاقے نیز گیس کے ایک کار خانے پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا۔
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورسز نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ انھوں نے صوبے الانبار میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کے چار اہم ٹھکانوں کو تباہ اور ہیت اور الشرقاط شہروں میں ساٹھ سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صوبے الانبار میں عراق کی عوامی رضاکار فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں داعش دہشت گردوں کی توانائی کمزور پڑ گئی ہے۔
حالیہ مہینوں کے دوران شہر الرمادی اور صوبے الانبار کے مختلف مشرقی علاقوں کی آزادی سے عراقی سیکورٹی فورسز اور عوامی رضاکاروں کے حوصلے کافی بڑھے ہیں جبکہ داعشی دہشت گرد، انجام پانے والی کارروائیوں کے مقابلے میں بے بس ہو کر راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔