شام: دیرالزور میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک
Apr ۰۳, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
-
شامی فضائیہ کی بمباری میں چالیس سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں فوج کی کارروائی میں چالیس سے زائد داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فضائیہ نے ہفتے کے روز دیر الزور کے مشرقی نواحی علاقے میں داعش دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر بمباری کی جس میں چالیس سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس بمباری میں دہشت گردوں کا بہت سا فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہوا ہے۔ شامی فوج نے اسی طرح رقہ شہر کے مغربی نواحی علاقے میں واقع الطبقہ ہوائی اڈے پر داعش دہشت گردوں کے ٹھکانے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ رقہ شام کے شمال مشرق میں داعش دہشت گردوں کا اصلی گڑھ ہے۔
واضح رہے کہ شام کے تاریخی شہر تدمر کی آزادی کے بعد شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حوصلے بہت بلند ہو گئے ہیں۔