یمن پر سعودی بمباری،عورتوں اور بچوں سمیت 16 شہید
سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں متعدد یمنی شہری شہید ہوگئے
تازہ خبروں کے مطابق سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی یمن کے صوبے تعز میں ربیعی نامی علاقے پر بمباری کی ہے جس میں کم سے کم گیارہ عام شہری شہید ہوگئے۔
سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے تعز کے علاقے ضباب میں بھی ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین خواتین اور ایک بچے سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق صوبہ لحج کے علاقے الحوطہ میں ایک سرکاری عمارت میں ہونے والے دھماکے میں اس عمارت کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ تاحال اس میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصانات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ جوف اور مآرب میں بھی کئی بار رہائشی علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔
جمعے کے روز صوبہ تعز کے علاقے وازعیہ پر سعودی اتحاد کے لڑاکاطیاروں کی وحشیانہ بمباری میں سترہ افراد شہید اور زخمی ہوگئے تھے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے مشرق وسطی کے غریب، عرب اور اسلامی ملک یمن کے خلاف اپنی جارحیت کا آغاز کیا تھا جو بدستور جاری ہے-
سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
یمن پر جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں اس غریب عرب اور اسلامی ملک کی اسّی فی صد بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔