شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کاروائی بدستور جاری ہے
شام کے وزیر اطلاعات نے دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائیاں جاری رہنے کی اطلاع دی ہے۔
دمشق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے اتوار کو کہا ہے کہ شہر حلب کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے، اور شام کے تمام علاقوں کی دہشت گردوں سے آزادی تک فوج اور عوامی رضاکار دستوں کا ملک گیر آپریشن جاری رہے گا۔
عمران الزعبی نے اسی کے ساتھ شام کی حکومت اور مسلح مخالفین کے درمیان جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دمشق اس جنگ بندی کا پابند ہے اور وہ چاہتا ہے کہ یہ جنگ بندی جاری رہے۔
شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے اسی کے ساتھ کہا کہ واشنگٹن سے وابستہ اس خطے کی بعض حکومتوں بالخصوص ترکی اور اردن کی حکومتوں کو بھی اس جنگ بندی کو قبول اور اس کا احترام کرنا چاہئے۔
انھوں نے شام کے امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ جب بات براہ راست مذاکرات کی ہو تو مخالفین کے وفد میں دہشت گرد گروہوں کے نمائندوں کو شریک نہیں ہونا چاہئے۔
شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے اپنے ملک میں بیرونی افواج کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ اگر شام میں ایران کی فوج آئی تو ہم اس کا اعلان کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شام کی فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے علاوہ اور کوئی شریک نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس جنگ میں شامی افواج کو، ایران کے فوجی ماہرین اور مشیروں کی حمایت حاصل ہے۔