Apr ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۶ Asia/Tehran
  • یمن کے ایک سیاسی رہنما کے قتل پر انصار اللہ کا ردعمل

تحریک انصار اللہ یمن کی سیاسی کونسل نے ذمار شہر میں اصلاح پارٹی کے رکن حسن الیعری کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اصلاح پارٹی کی مشاورتی کمیٹی کے سربراہ حسن الیعری کے قتل کو ایک مجرمانہ اقدام اور یمن میں حالیہ سمجھوتوں کو سبوتاژ کرنے اور فتنہ پیدا کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی منصوبے کی خدمت قرار دیا۔

حسن الیعری کو ہفتے کے روز نامعلوم مسلح افراد نے ذمار شہر میں ان کے گھر کے قریب حملہ کر کے قتل کر دیا تھا۔

دوسری جانب المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی فوج اور اس کے ایجنٹوں کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ صوبہ صعدہ اور حدیدہ میں سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے کئی علاقوں پر پروازیں کیں۔

صوبہ شبوہ میں سعودی ایجنٹوں نے توپ خانے سے عسیلان علاقے پر گولہ باری کی۔

صوبہ حضرموت سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صدارتی محل، اقتصادی ادارے کی عمارت، الضبہ کی آئل بندرگاہ اور فوج کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ جس کا مقصد یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ بر سر اقتدار لانا ہے۔