اقوام متحدہ کے نمائندے یمن میں قیام امن کے لیے کوشاں
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ وہ امن تک پہنچے بغیر یمن واپس نہیں جائیں گے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے کویت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمن میں جنگ بندی کی صورت حال پہلے سے بہتر ہوئی ہے اور یہ امر جنگ بندی کی کمیٹی، مقامی کمیٹیوں اور مذاکراتی وفود کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کے دوران انھوں نے کویت میں مذاکراتی وفود کے ساتھ صلاح و مشورے کیے ہیں۔ جس کے دوران انھوں نے مذاکراتی وفود کے سربراہوں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے علاوہ عام اجلاس بھی منعقد کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی فریق یمن کے بحران کا سیاسی حل چاہتے ہیں۔
اسماعیل ولد الشیخ احمد نے مزید کہا کہ انھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس سو سولہ اور انجام پانے والے معاہدوں کی بنیاد پر آئندہ مرحلے کے لیے ایک تجویز پیش کی ہے کہ جو سیکورٹی، اقتصادی اور سیاسی پہلوؤں پر مشتمل ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ پہنچا ہے کہ یمنی فریق ایمان و حکمت سے کام لیں اور ماضی کی جھڑپوں اور کشیدگی کو ایک طرف رکھ دیں۔