May ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • غوطہ شرقیہ میں شامی فوج کی پیشقدمی کا آغاز

شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے غوطہ شرقیہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب پیشقدمی کا آغاز کردیا ہے۔

دمشق میں عسکری ذرائع نےبتایا ہے کہ شامی فوج نے غوطہ شرقیہ میں جیش الاسلام نامی دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر شدید حملے کیے ہیں اور ان کو نولہ نامی دیہات سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نولہ کا علاقہ اس وقت پوری طرح سے شامی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ اس کارروائی کے دوران درجنوں دہشت گردہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق شامی فوج نے دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد غوطہ شرقیہ کے زبدین ٹاؤن کے اسٹریٹیجک مقامات کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ شامی فوج نے اسی علاقے میں دہشت گردوں کی ایک خفیہ سرنگ کا پتہ لگانے کے بعد اسےبھی تباہ کردیا ہے۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد گروہ القاعدہ نے شمالی شام کے شہر حماہ کے نواحی علاقے زارہ میں چھے عورتوں سمیت انیس افراد کو صدر بشار اسد کی حمایت کے جرم میں قتل کردیا ہے۔

شام کو سن دوہزار گیارہ سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں کئی لاکھ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس