May ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • یمن کی انصاراللہ نے حزب اللہ لبنان کو تعزیت پیش کی

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے مجاہد شخصیت مصطفی بدرالدین کی شہادت پر حزب اللہ لبنان کو تعزیت پیش کی ہے۔

العالم نیوز چینل نے ہفتے کو رپورٹ دی ہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے اپنے پیغام میں حزب اللہ کی ایک مجاہد شخصیت مصطفی بدرالدین کی شہادت پر حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ اور امت مسلمہ کو تعزیت پیش کی۔ انصاراللہ کے پیغام میں تاکید کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ مجاہد شخصیت مصطفی بدرالدین کا خون ناحق بہائے جانے سے علاقے میں استکباری طاقتوں کی پالیسیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے امت مسلمہ کا عزم و ارادہ اور زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو گا۔ لبنان کے المیادین ٹی وی نے جمعے کی صبح اعلان کیا کہ حزب اللہ لبنان کے ایک عظیم مجاہد مصطفی بدرالدین، شام کے دارالحکومت دمشق کے ایئر پورٹ کے قریب واقع ان کی رہائشگاہ پر صیہونی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے جارحانہ حملے میں شہید ہو گئے۔