Feb ۰۶, ۲۰۲۶ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوگیا، وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ازبکستان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

سحرنیوز/پاکستان: ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کے سرکاری دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب میں معاہدے طے پائے، جس میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور صدر شوکت مرزائیوف نے شرکت کی اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کر کے اس کا تبادلہ کیا، جس کے بعد مختلف شعبوں سے متعلق معاہدات اور ایم او یوز پر دونوں ممالک کے متعلقہ وزرا کے درمیان دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ اہم معاہدوں اور ایم او یوز میں وزارتِ خارجہ کے مابین 2025 تا 2028 تعاون کا معاہدہ، ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت اشیائے تجارت کی فہرست میں توسیع، ٹیکسٹائل و ملبوسات میں دو طرفہ تعاون، کان کنی اور جیو سائنس کے شعبے میں اشتراک، سزا یافتہ مجرموں کے تبادلے یا حوالگی اور انسداد منشیات کے لیے تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔ 
اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، سائنسی تعلیم، ثقافتی اور آرکیٹیکچرل ورثے کے تحفظ، ثقافت، زراعت و غذائی تحفظ، پلانٹ پروٹیکشن (فائٹو سینیٹری پروٹوکول)، بحری تجارت و بندرگاہی انتظامات، دفاعی تعاون کے ایکشن پلان اور روڈ میپ، ماحولیاتی تبدیلی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، ادویہ سازی کے ریگولیٹری امور اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

ٹیگس