شامی فوج نے دیرالزور میں الاسد اسپتال کو آزاد کرا لیا ہے
شامی فوج نے دیرالزور شہر میں الاسد اسپتال کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ شامی فوج نے ایک خصوصی کارروائی کے دوران الاسد اسپتال کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ اسپتال کے تمام عملے اور مریضوں کو بھی داعش کے قبضے سے رہا کرا لیاہے-
خبروں کے مطابق شامی فوج کی اس کارروائی میں تقریبابیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس کارروائی میں متعدد شامی فوجی بھی مارے گئے-
واضح رہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے ہفتے کو دیرالزور شہر کے الاسد اسپتال پر قبضہ کرلیا تھا۔
داعش نے مذکورہ اسپتال پر حملہ کر کے دسیوں عام شہریوں اور مریضوں کو بھی قتل کر دیا تھا۔
شامی فوج نے دیرالزور کے فوجی ہوائی اڈے پر داعش کے حملے کو بھی پسپا کر دیا ہے جبکہ شامی فضائیہ نے اس ہوائی اڈ ے کے اطراف میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی۔
واضح رہے کہ داعش نے دیرالزور شہر کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہ پورے شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہاہے- دیرالزور شام کا مشرقی اور تیل سے مالامال شہر ہے۔