عراق میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی مدد
عراق میں داعش کے مقابلے میں ایران کی حمایت بہت موثر رہی ہے
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ ہادی العامری نے کہا ہے کہ اگر داعش کے خلاف جنگ میں ایران کی مدد نہ ہوتی تو داعش پورے عراق اور خلیج فارس تعاون کونسل کے دوسرے ملکوں پر بھی قبضہ کرلیتا۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مدد اور حمایت کی وجہ سے ہی عراق میں داعش کے خلاف جنگ میں کامیابیاں مل رہی ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر نے کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ عوامی رضاکار فورس کے خلاف پروپیگنڈہ کرکے داعش کے خلاف جنگ کو کمزور اور عراق میں فتنہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں ۔
عراق کی البدرتنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے کہا کہ الحشد الشعبی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے عراق اور عراقی عوام کے دشمن ہیں جو یہ نہیں چاہتے کہ عراق میں امن و استحکام قائم ہو۔
عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلوجہ کے آپریشن کا تیسرا مرحلہ بہت تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق عراقی پولیس کے چیف جنرل شاکر جودت نے بتایا ہے کہ فلوجہ میں داعش تک مدد پہنچانے کے سبھی راستے کاٹ دیئے گئے ہیں ۔
انھوں نے بتایا ہے کہ اس آپریشن میں فلوجہ کے اطراف میں مزید اٹھائیس علاقے عراقی افواج کے کنٹرول میں آگئے ہیں
یاد رہے کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عراقی فوج ، پولیس ، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی لشکر کے جوان شریک ہیں