صوبہ الانبار میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراقی فوج نے ملک کے مغربی صوبے الانبار کے علاقے ہیت میں ایک کارروائی کے دوران دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے
فلوجہ آپریشنل کمان نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے صوبہ الانبار کے شہر ہیت کے علاقے کبیسہ میں داعش کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے- اس درمیان عوامی رضاکارفورس کے ایک سینئر کمانڈر عدن الخدران نے اعلان کیا ہےکہ عوامی رضاکارفورس نے فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کےتحت الصقلاویہ کے علاقے میں زبردست پیشقدمی کی ہے اور انہوں نے داعش کی دفاعی لائن کو توڑ دیا ہے
خبروں میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں داعش کے تین سرغنے ہلاک ہوگئے ہیں جن میں ان کا میڈیا سیل کا علاقائی انچارج بھی شامل ہے- دوسری جانب عراقی وزیراعظم اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر حیدرالعبادی نے بدھ کو فلوجہ میں مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں کہا کہ عراقی قوم اور پوری دنیا فلوجہ کی مکمل آزادی کی خبر سننے کی منتظر ہے- ان کا کہنا تھا کہ فلوجہ کو کسی بھی وقت داعش کے قبضے سے آزاد کرایا جاسکتا ہے تاہم عام شہریوں کا جانی نقصان نہ ہو اس بات کے مدنظر داعش کے خلاف آپریشن سست رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے