سعودی سفیر کی عراقی وزارت خارجہ میں طلبی
عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا ہے
عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی سفیر ثامر السھبان کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے ان کے مداخلت پسندانہ بیان پر سخت احتجاج کیا ہے۔
اس سے قبل نجبائے عراق تحریک کے سیکریٹری جنرل اکرم الکعبی نے سعودی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی سفیر کو مداخلت پسندانہ بیانات کے باعث ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک سے نکال دینا چاہیے۔
اکرم الکعبی نے کہا تھا کہ سعودی سفیر ایک انٹیلی جینس ایجنٹ ہیں جسے امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے نے اپنے مفادات کے تحت تربیت فراہم کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بغداد میں متعین سعودی سفیر نے حال ہی میں دعوی کیا تھا کہ، فلوجہ میں داعش کے خلاف عراقی فوج کا آپریشن اس علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔
حکومت عراق نے اس بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلوجہ آپریشن صرف داعش کے خلاف ہے جس کا مقصد علاقے کے لوگوں کو بلاتفریق مذہب داعش کے ظلم و ستم سے نجات دلانا ہے۔
قابل ذکر ہے داعش نے جون دوہزار چودہ سے فلوجہ پر قبضہ رکھا تھا۔