فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ
صیہونی فوجیوں نے فائربندی کی خلاف ورزی اور اپنی وحشیانہ کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے غزہ میں فلسطینی ماہیگیروں اور کاشتکاروں پر حملہ کیا ہے-
صیہونی حکومت کی گن شپ جنگی کشتیوں نے ہفتے کو غزہ کے دوساحلی علاقوں میں فلسطینی ماہیگیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کر دی - صیہونی فوجیوں نے غزہ کے جنوبی شہرخان یونس میں بھی فلسطینی کاشتکاروں پر فائرنگ کر دی البتہ ان حملوں میں ہوئے ممکنہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے-
صیہونی فوجیوں نے رواں مہینے کے دوران غزہ کے ساحلوں سے کم سے کم دس فلسطینی ماہیگیروں کو گرفتار کیا ہے - غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے اس علاقے میں جاری فائربندی کی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں -
اگست دوہزار چودہ میں پچاس روزہ جنگ کے بعد فلسطینی مزاحمتی محاذ اور صیہونی حکومت کے درمیان فائربندی کا سمجھوتہ ہوا تھا لیکن صیہونی حکومت آئے دن اس سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے -
دوہزار چودہ میں صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ پر مسلط کی گئی وحشیانہ جنگ کے دوران دوہزار تین سو فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے جن میں سیکڑوں کی تعداد میں معصوم بچے شامل تھے - اس جنگ میں ہزاروں فلسطینی زخمی ہوئے تھے جبکہ غزہ کی بنیادی تنصیبات اور اسکول و مساجد بھی تباہ ہوگئی تھیں -
صیہونی حکومت نے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ایک اسکول پر بھی بمباری کرکے اس کو تباہ کردیا تھا -