شام کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں فوج کا آپریشن جاری
شام کی فوج عوامی رضاکار فورس کی مدد سے ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے ہفتے کے دن الرقہ شہر کے مغربی مضافات میں اثریا سیکٹر سے پیش قدمی کرتے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کو شدید نقصان پہنچایا۔ شام کی سیکورٹی فورسز نے اس آپریشن کے دوران شدید لڑائی کے بعد مثلث رصافہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
شام کی فوج اثریا سیکٹر سے ہی الطبقہ کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے اس شہر میں ہوائی اڈے سے دس کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ گئی ہے اور اب وہ آزاد شدہ علاقے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے بعد آپریشن کا آخری مرحلہ انجام دینے کے لئے امداد کی منتظر ہے۔
دریں اثناء رقہ میں شام کی فوج کے آپریشنل کمانڈر نے کہا ہےکہ اس آپریشن کا مقصد صوبہ الرقہ کی آزادی ہے اور ہم تیزی سے الطبقہ شہر کے قریب ہو رہے ہیں۔
شام کی فوج اورعوامی رضاکار فورس غوطہ دمشق کے علاقے میں بھی اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور حالیہ دو دنوں کے دوران انہوں نے تکفیری دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ اور اس کا ساتھ دینے والوں کو محمدیہ اور بالا میں بہت جانی نقصان پہنچایا ہے۔