شامی فوج کی پیشقدمی، صوبہ حلب اور حماہ کے متعدد علاقے آزاد
شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ حلب اور حماہ کے متعدد علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج نے مغربی حلب میں واقع خالدیہ کے علاقے میں پیشقدمی کرتے ہوئے، محالج، شبیب اور سرحیل نامی قصبوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ شامی فوج نے مشرقی حماہ میں سلمیہ کے علاقے المفکر تک پیشقدمی کی ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک اور ان کا فوجی ساز و سامان تباہ ہوگیا۔
شامی فوج کے جوانوں نے صوبہ حماہ کے علاقے حمراہ کے نواح میں واقع ملولح نامی گاؤں میں قائم داعشی دہشت گردوں کے دو اہم اڈوں کو بھی تہس نہس کردیا ہے۔
شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے روسی فضائیہ کے تعاون سے شمالی حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی شام کے صوبے، سویدا میں چوری کا تیل لے جانے والے داعش کے متعدد آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کردیا ہے۔
دوسری جانب دہشت گردوں نے سوید کے نواحی علاقوں پر متعدد راکٹ برسائے ہیں جس کے نتیجے میں کم سے کم چار عام شہری جاں بحق اور پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔
شام کو سن دوہزار گیارہ سے امریکہ، سعودی عرب ، ترکی اور قطر کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں چار لاکھ ستر ہزار سے زائد شامی شہری مارے جاچکے ہیں۔ دہشت گردی کے نتیجے میں کئی لاکھ افراد اپنے ملک میں بے گھر اور لاکھوں، دیگر ملکوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔