یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i233569-یمن_پر_سعودی_اتحاد_کے_وحشیانہ_حملے_جاری
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی حکومت کے تازہ وحشیانہ فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  •  یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے جاری

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی حکومت کے تازہ وحشیانہ فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے-

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت صنعا کے مضافات میں واقع شہرخولان الطیال پر سعودی حکومت کی تازہ بمباری میں کم سے کم پانچ عام شہری شہید ہوگئے ۔

اس رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے اتوار کو صوبہ صنعا کے شہر نہم پر بھی بمباری کی ہے۔

سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے اسی طرح جنوب مغربی صوبے لحج کے دوعلاقوں القبیطہ اور کرش ، پر بھی بمباری کی ہے ۔ اس بمباری میں متعدد بچوں اور خواتین کے شہید ہونے کی خبر ہے۔

یمن سے موصولہ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت صنعا میں یمنی خواتین نے احتجاجی اجتماع اور مظاہرہ کرکے ، یمن کے مسئلے میں اقوام متحدہ کے جانبدارانہ موقف کی مذمت کی ہے۔

اپنے اس احتجاجی اجتماع میں شریک یمنی خواتین نے یمن پر سعودی جارحیت کے بارے میں اقوام متحدہ کے موقف کو شرمناک قرار دیا ۔ یمنی خواتین نے اسی کے ساتھ یمن کے عوام سے سعودی دشمن کے مقابلے میں اتحاد و یکجہتی کی اپیل کی ہے ۔

اس سے پہلے تعز، عمران، اور حجہ سمیت یمن کے مختلف علاقوں میں بچوں نے مظاہرہ کرکے ، سعودی حکومت کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے نکال دینے کے اقوام متحدہ کے اقدام کی مذمت کی تھی ۔

یاد رہے کہ یمن پر جارحیت میں بڑی تعداد میں بچوں کو شہید اور زخمی کرنے ، اسکولوں پر بمباری کرکے انہیں حق تعلیم سے محروم کرنے ،اسپتالوں پر بمباری کرنے اور علاج معالجے کی سہولتیں ختم کردینے اور عام شہریوں کے گھروں پر بمباری کرکے بچوں کو یتیم بنانے نیز ان کی دربدری کے اسباب فراہم کرنے کی بناء پر اقوام متحدہ نے، سعودی حکومت اور اس کے اتحاد کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا تھا لیکن پھر سعودی حکومت کی دھمکی کے بعد اس کا نام اس فہرست سے نکال دیا ہے۔