دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں انصار اللہ یمن کا انتباہ
تحریک انصار اللہ یمن کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ عراق اور سعودی عرب میں حالیہ بم دھماکے دہشت گردوں کے سنگین خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انصار اللہ کے سیکریٹری جنرل عبدالملک بدرالدین الحوثی نے منگل کے روز یمن کے عوام اور مجاہدین کے علاوہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے بعض ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی پالیسیوں کو تبدیل کریں۔ انھوں نے ان ملکوں کو خبردار کیا اگر انھوں نے اپنی پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو اس کے سنگین اور المناک نتائج دیکھیں گے۔
تحریک انصار اللہ یمن کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ دشمن کی سازش کھل کر سامنے آ چکی ہے اور بغداد بم دھماکے اور پیغمبر اسلام (ص) کے روضہ مبارک کے قریب دھماکے جیسے خطرناک واقعات اس کا ایک حصہ ہیں۔
عبدالملک بدرالدین حوثی نے مزید کہا کہ یہ دھماکے تکفیری گروہوں کے خطرے کی واضح دلیل ہیں کہ ان کے نزدیک کسی شخصیت کا کوئی احترام نہیں ہے اور یہ کسی بھی مقدسات کا احترام نہیں کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ روضہ رسول (ص) کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چار سیکورٹی اہلکاروں سمیت چھے افراد جاں اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ جبکہ بغداد کے تجارتی علاقے الکرادہ میں دو بم دھماکوں میں ڈھائی سو افراد جاں بحق اور تقریبا دو سو زخمی ہو گئے تھے۔